پاکستان کی مردوں کی قومی فٹ بال ٹیم پہلی مرتبہ فیفا کے زیرِ اہتمام آسیان کپ میں شرکت کرے گی، جو رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں منعقد ہوگا۔ یہ ایونٹ پاکستانی فٹ بال کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
مارچ 2026 میں قومی خواتین فٹ بال ٹیم کی فیفا سیریز میں شرکت کے بعد اب مردوں کی قومی ٹیم بھی فیفا کے ایک اور بین الاقوامی ایونٹ میں میدان میں اترے گی، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کو مزید تقویت ملے گی۔
افتتاحی فیفا آسیان کپ میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پاکستان ان تین مدعو ٹیموں میں شامل ہے جو جنوب مشرقی ایشیا (آسیان) سے باہر کی ہیں، جبکہ باقی 11 ٹیمیں آسیان خطے سے تعلق رکھتی ہیں۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن (PFF) کے صدر محسن گیلانی نے اس پیش رفت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ فیفا کے صدر جیانی انفینتینو کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مختصر عرصے میں پاکستان کو ایک اور فیفا ایونٹ میں شرکت کا موقع فراہم کیا۔
محسن گیلانی نے کہا کہ انہوں نے اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا کہ پاکستان فٹ بال کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا، قومی ٹیموں کو عالمی سطح کے مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور ماضی کے مقابلے میں زیادہ بین الاقوامی نمائندگی یقینی بنائی جائے گی۔
