پاکستان اور کویت کا دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے وزیر خارجہ جراح جابر الاحمد الصباح نے ملاقات کی جس دوران وزیراعظم نے امیرکویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد کیلئےنیک تمناؤں کا اظہار  کیا ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ  پاکستان اور کویت کے درمیان مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں برادر ممالک نے ہرمشکل اور ہر خوشی کے موقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ۔

ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال اور جاری تنازع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ   وزیراعظم نے کویت کی قیادت اورعوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کویت اور دیگر برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت  کی اور کہا کہ پاکستان خطےمیں قیام امن کیلئےدیانت دار ومخلص ثالث اور سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی امن کوششوں کی حمایت پر کویتی قیادت سے اظہار تشکر کیا ۔

شہبازشریف نے پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار  کیا ۔  تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، آئی ٹی ، بحری امور سمیت دیگرشعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔

ملاقات میں افرادی قوت کی ترقی کے حوالے سے کویت کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم  کا اظہار کیا گیا ۔

شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے کویت کی سماجی و معاشی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا ۔ مہمان وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو کویتی قیادت کی جانب سےنیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

کویتی وزیر خارجہ نے باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کےعزم کا اعادہ کیا اور خطے میں امن کی بحالی کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا ۔

کویتی وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم ، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

کویت کے وزیرخارجہ نے مشکل حالات میں کویت کیساتھ یکجہتی اور غیرمتزلزل حمایت پر پاکستانی قیادت اور عوام سے اظہار تشکر کیا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے