پاکستان نے کویت کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کا خیرمقدم کیا ہے، ترجمان دفتر کہتے ہیں یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے دیرینہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ پاکستان اور کویت دفاعی معاہدے پر عملدرآمد کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کا خیرمقدم کیا ۔ بتایا کہ اس معاہدے پر جون 2023 میں دستخط کیے گئے تھے۔ ترجمان کے مطابق پاک، کویت دفاعی شراکت داری کا آغاز انیس سو اسی کی دہائی کے اوائل میں ہوا تھا ۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے دیرینہ دفاعی تعلقات میں ایک اور اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ دفاعی تعاون کا معاہدہ فوجی تعاون کے باہمی متفقہ شعبوں پر مشتمل ایک جامع ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ اس سے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
