پاکستان اور کینیڈا کے درمیان ترجیحی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

ملاقات کے دوران علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا، باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ ترجیحی شعبوں مںی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

قبل ازیں پاکستان اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کا اسلام آباد آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں، سوئٹزرلینڈ میں بھی ہماری ملاقات ہوئی تھی، پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مسلسل رابطے برقرار رہے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان فعال سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، پاکستان اور کینیڈا دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستان برادری ہمارے تعلقات کا قیمتی اثاثہ ہے، کینیڈین وزیرخارجہ کا یہ دورہ تعلقات کو نئی جہت اور رفتار دے گا۔

اس موقع پر کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کا کہنا تھا کہ پاکستانی میزبانی اور پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتی ہوں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں، دونوں ممالک کو مشترکہ طور پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں تین لاکھ سے زائد پاکستان نژاد شہری آباد ہیں، دونوں ممالک عالمی معیشت میں مثبت کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، آج دوطرفہ تعاون میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کی منتظر ہوں۔

 

اس سے قبل کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں، دفتر خارجہ آمد کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈارنے کینیڈین وزیر خارجہ کا استقبال کیا اور معزز مہمان سے دفتر خارجہ کے حکام کا تعارف کرایا، دونوں رہنماؤں نے گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔

کینیڈا کی وزیرخارجہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، پاکستان، کینیڈا تعلقات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکی دعوت پر کینیڈین وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے