متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے ورک ویزا حاصل کرنے کی شرائط میں اہم تبدیلی کر دی گئی ہے۔ اب تمام پاکستانی درخواست گزاروں کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ (گڈ کنڈکٹ سرٹیفکیٹ) جمع کرانا لازمی ہوگا۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ورک ویزے کی درخواست کے ساتھ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیا ہے، جبکہ اس نئی پالیسی پر 20 جولائی 2026 سے عملدرآمد بھی شروع ہو چکا ہے۔
حکام کے مطابق ورک ویزے کے خواہشمند افراد کو چاہیے کہ وہ سب سے پہلے پاکستان میں متعلقہ پولیس یا مجاز اتھارٹی سے گڈ کنڈکٹ سرٹیفکیٹ حاصل کریں، جس کے بعد اس کی پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے تصدیق بھی کرائی جائے۔
بیورو آف امیگریشن نے تمام درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ ویزا درخواست جمع کرانے سے قبل یہ سرٹیفکیٹ مکمل کر لیں تاکہ درخواست کی جانچ کے دوران کسی قسم کی تاخیر یا دیگر انتظامی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔
