یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روس نے رات گئے بیلسٹک میزائل حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک جبکہ 4 بچوں سمیت 27 افراد زخمی ہو گئے۔
یوکرین کی ریاستی ایمرجنسی سروس کے مطابق روسی حملوں نے کیف کے پانچ مختلف اضلاع کو نشانہ بنایا، جہاں رہائشی عمارتوں، گاڑیوں اور دیگر شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
حملوں سے قبل کیف کے میئر وٹالی کلیٹسکو نے ٹیلی گرام پر شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت بیلسٹک میزائل حملے کی زد میں ہے، لہٰذا تمام شہری فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہو جائیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حملوں کے دوران شہر میں مسلسل دس سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جبکہ دھماکوں کی شدت سے متعدد علاقوں میں گاڑیوں کے الارم بج اٹھے۔
حکام کے مطابق ڈارنیٹسکی ضلع سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں حملوں میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے۔ متعدد رہائشی عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
اسی طرح سولومینسکی ضلع میں روسی حملے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔ اس علاقے میں ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
