سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 خوارج ہلاک، پاک فوج کا افسر شہید

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی  کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے افیسر میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم اگست 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

بیان کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر حافظ احسان الٰہی نے دہشتگردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ خوارج سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد دہشتگرد حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم کسی بھی خارجی کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن ’عزمِ استحکام‘ کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی تاکہ بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کے بہادر سپاہیوں کی ایسی عظیم قربانیاں ہر قیمت پر ملک و قوم کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے