سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، ایران سے متعلق کشیدگی اور خطے میں امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران پر امریکا کے ممکنہ بڑے حملوں کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صدر ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سفارتی راستہ اختیار کریں اور ایران پر حملوں سے گریز کریں۔
رپورٹس کے مطابق قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور پاکستان بھی امریکا سے مسلسل رابطے میں ہیں اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں پر زور دے رہے ہیں۔
