عرس کے آخری روز دربار پر خصوصی دعا، قرآن خوانی، محافلِ نعت، ذکر و اذکار اور دیگر روحانی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔
زائرین کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر دربار انتظامیہ نے لنگر، دودھ کی سبیل اور ٹھنڈے پانی کے خصوصی انتظامات کئے ہیں، زائرین کی سہولت کیلئے میڈیکل کیمپس، ریسکیو سروسز اور رہنمائی مراکز بھی فعال ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
سکیورٹی کے پیش نظر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جبکہ دربار اور اطراف کے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت متعدد سڑکوں پر ٹریفک ڈائیورژن کئے گئے ہیں، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر کے دوران متبادل راستے اختیار کریں۔
دوسری جانب عرس کی تقریبات کے باعث لاہور میں آج مقامی تعطیل ہے، چھٹی کا اطلاق صرف ڈپٹی کمشنر لاہور کے ماتحت کام کرنے والے ضلعی دفاتر اور متعلقہ ضلعی سرکاری اداروں پر ہوگا، پنجاب سول سیکرٹریٹ اور دیگر صوبائی سرکاری محکمے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
علاوہ ازیں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں بھی آج عام تعطیل ہوگی، لاہور ہائیکورٹ پرنسپل اور لاہور کی تمام ماتحت عدالتیں بند رہیں گی۔
