لبنان کی ایران نواز تنظیم حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نعیم قاسم نے شام کی نئی قیادت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اہم پالیسی تبدیلی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں شامی قیادت سے ملاقات پر کوئی اعتراض نہیں اور مناسب وقت آنے پر دونوں فریقوں کے درمیان باضابطہ ملاقات ہو سکتی ہے۔
ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ شام کے ساتھ مثبت، برادرانہ اور باہمی تعاون پر مبنی تعلقات قائم کرنا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق اگر دونوں فریق مناسب سمجھیں تو عوامی سطح پر ملاقات کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ حزب اللہ کی اعلیٰ قیادت نے شام کی نئی حکومت کے ساتھ براہِ راست رابطوں یا ممکنہ ملاقات کی کھل کر حمایت کی ہے، جسے خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
