آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن پر کارٹل کا الزام ثابت، مسابقتی کمیشن نے 6 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا

مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے آل پاکستان ایڈیبل آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن پر 6 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

مسابقتی کمیشن کے مطابق ایسوسی ایشن پر خوردنی تیل اورگھی کی ترسیل میں کارٹل بنانےکا الزام ثابت ہواہے،مارکیٹ انٹیلی جنس رپورٹ میں کرایوں کےاجتماعی تعین اورٹینکرزمیں کاروبارتقسیم کرنےکا انکشاف ہوا۔

سی سی پی کے مطابق کرایوں کے اجتماعی تعین پر 3 کروڑ روپے جبکہ پرچی اور باری کے ذریعے کاروبار کی تقسیم پر مزید 3 کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 6 سال کے دوران ٹرانسپورٹ کرایوں میں 89 مرتبہ اجتماعی ردوبدل کیا گیا، جس میں 52 مرتبہ اضافہ اور 37 مرتبہ کمی کی گئی۔

مسابقتی کمیشن کے مطابق ڈیزل ایک روپیہ مہنگا ہونے پر کرایہ 0.75 فیصد بڑھانے جبکہ ڈیزل سستا ہونے پر صرف 0.5 فیصد کمی کا فارمولہ طے تھا،سی سی پی نے کرایوں کے اجتماعی تعین اور پرچی و باری کے نظام کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

کمیشن کےمطابق رعایتی کرایہ دینے والے ٹینکر مالکان کو بلیک لسٹ جبکہ رعایتی کرایہ مانگنے والی ملوں کو سپلائی روکنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

سی سی پی نے خبردارکیا کہ ٹرانسپورٹ لاگت میں اضافے سے گھی اور خوردنی تیل جیسی ضروری اشیاء کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے