روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر فضائی حملوں میں تیزی پیدا کر دی ہے۔ تازہ حملوں میں کیف کے شمال مشرقی علاقے میں ایک بچے سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
علاقائی فوجی انتظامیہ کے مطابق حملوں میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ملبہ گرنے سے رہائشی مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
غیر رہائشی عمارت میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔
روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے کیف میں موجود فائر پوائنٹ نامی صنعتی ادارے کو نشانہ بنایا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق ادارے میں فلامینگو میزائلوں کے پرزے اور وار ہیڈز تیار کیے جاتے تھے۔
ماسکو کا کہنا ہے کہ مذکورہ مرکز میں ٹھوس ایندھن کے بوسٹرز کی تیاری میں استعمال ہونے والے اجزا بھی ذخیرہ کیے جاتے تھے۔
روسی وزارت دفاع نے کیف میں موجود ایک بڑے ایندھن کے گودام کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
کیف کے علاقائی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تکاچینکو کے مطابق بروواری کے علاقے میں روسی حملوں سے ایک بچے سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔
یوکرین کی ایمرجنسی سروس نے حملوں کے بعد تباہ شدہ عمارتوں کی تصاویر جاری کیں۔
حکام کے مطابق بوخیفکا گاؤں میں ایک دو منزلہ مکان اور 2 گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ ایک گودام میں بھی آگ لگ گئی۔
کیف میں موجود صحافیوں نے متعدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی۔
یوکرینی فضائیہ نے شمال سے بیلسٹک میزائل حملوں کے ممکنہ خطرے سے شہریوں کو خبردار کیا۔
کیف کی فوجی انتظامیہ کے مطابق رات کے حملوں میں دارالحکومت میں مزید 4 افراد زخمی ہوئے۔
