نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا جس دوران بجلی کی تین بڑی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ متعلقہ حکام کو آئندہ ہفتے کے آغاز تک مشاورت مکمل کرنے کی ہدایت کردی ۔
اجلاس میں اسلام آباد ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری کے عمل پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے نجکاری کمیشن کو پاور ڈویژن کے ساتھ مشاورتی عمل آئندہ ہفتے کے آغاز تک مکمل کرنے کی ہدایت کی، جس کے بعد کمیٹی نجکاری سے متعلق آئندہ فیصلہ کرے گی۔
اجلاس میں نجکاری پروگرام میں مزید سرکاری اداروں کو شامل کرنے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں، جنہیں نجکاری ڈویژن کی سفارشات میں ترامیم کے ساتھ منظور کرلیا گیا۔کابینہ کمیٹی نے ترامیم کے ساتھ نجکاری کمیشن کے بجٹ کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں سالانہ نجکاری پروگرام اور آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے نجکاری کمیشن سمیت تمام متعلقہ اداروں کو عملدرآمد تیز کرنے اور مختلف وزارتوں و محکموں کے درمیان بروقت اور مؤثر رابطہ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
