بھارت میں امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج، پولیس کا نوجوان مظاہرین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج

بھارت کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ میں سول سروس کے امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف نوجوانوں کا احتجاج شدت اختیار کر گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس، لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔

رائٹرز کے مطابق پیر کو ہزاروں طلبہ اور بے روزگار نوجوان ریاستی مقننہ کی جانب مارچ کر رہے تھے۔ مظاہرین نے امتحانی نظام میں مبینہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کیا۔

جھارکھنڈ میں طلبہ اور بے روزگار نوجوانوں نے گزشتہ ماہ کے آخر میں احتجاج شروع کیا تھا۔

مظاہرین نے بھرتی کے امتحانات میں مبینہ پیپر لیک سمیت مختلف بے ضابطگیوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کے مطالبات میں ریاستی امتحانی نظام میں اصلاحات بھی شامل ہیں۔

مظاہرین بعض امتحانات منسوخ کرنے اور مبینہ بے ضابطگیوں کی وفاقی پولیس سے تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔

یہ احتجاج 25 جولائی کو شروع ہوا تھا۔ ریاستی دارالحکومت رانچی کے ایک اسٹیڈیم میں ہزاروں افراد کے جمع ہونے کے بعد مظاہرہ مزید شدت اختیار کر گیا۔

پیر کو مظاہرین ریاستی مقننہ کی جانب مارچ کرنے لگے۔ انہوں نے پولیس کی جانب سے لگائی گئی رکاوٹوں کو عبور کرنے کی کوشش کی۔

ٹی وی فوٹیج میں مظاہرین کو پلے کارڈز اٹھائے اور قومی پرچم لہراتے ہوئے دیکھا گیا۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

رپورٹس کے مطابق کچھ مظاہرین نے پولیس کی رکاوٹوں کو دھکیلنے کی کوشش کی۔ اس دوران بعض افراد کی پولیس اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے۔ واٹر کینن بھی استعمال کی گئی جبکہ پولیس اہلکاروں نے لاٹھی چارج کیا۔

 

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے