امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلیمی تعاون مزید مضبوط بنانے کا معاہدہ طے پاگیا

امریکا اور پاکستان نے 5 سالہ تعلیمی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت معروف فل برائٹ اسکالرشپ پروگرام سمیت مختلف تعلیمی پروگراموں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

منگل کو اسلام آباد میں یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان کے ہیڈکوارٹرز میں معاہدہ طے پایا۔ معاہدے پر فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے دستخط کیے۔

معاہدے کا مقصد دونوں ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی، سکیورٹی، سائنسی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

معاہدے کے تحت پاکستانی طلبہ اور اسکالرز کو امریکی جامعات اور مختلف تعلیمی پروگراموں میں تعلیم اور تحقیق کے مواقع میسر رہیں گے، جبکہ یہ پروگرام پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے کی ترقی میں بھی کردار ادا کریں گے۔

اس شراکت داری کے تحت امریکی شہریوں کے پاکستان آنے اور تحقیق، کاروبار اور صحتِ عامہ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقع بھی بڑھائے جائیں گے۔

یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران نے کہا کہ یہ پروگرام شرکا کو ایسی عملی مہارتیں اور علمی تجربہ حاصل کرنے میں مدد دیں گے جو پاکستان کی ترقی میں مختلف شعبوں میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کی حکومتوں کی جانب سے اس مشن کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل تعاون قابلِ قدر ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے امریکا اور پاکستان کے درمیان طویل عرصے سے جاری ہائر ایجوکیشن کمیشن اور فل برائٹ شراکت داری کو تعلیمی تعاون کی ایک نمایاں مثال قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ نیا معاہدہ پاکستانی اسکالرز کو بااختیار بنانے اور مستقبل کی نسلوں کے لیے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے قائم مقام منسٹر کونسلر برائے پبلک ڈپلومیسی ڈیوڈ موئر نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجدید شدہ شراکت داری کے ذریعے سیکڑوں طلبہ اور پیشہ ور افراد کو ایسی مہارتیں اور روابط حاصل ہوں گے جو مستقبل کے رہنماؤں کی تشکیل میں مدد دیں گے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے