چاند، صدیوں سے انسان کی حیرت، محبت اور جستجو کا استعارہ رہا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ چاند کا ایک حقیقی ٹکڑا کراچی میں بھی موجود ہے؟
نیشنل میوزیم آف پاکستان میں محفوظ چاند کا یہ ٹکڑا دسمبر 1972 میں امریکی خلائی مشن اپولو 17 کے دوران خلا باز زمین پر لائے تھے۔
چاند کا یہ قیمتی ٹکڑا آج بھی ایک شفاف ایکریلک گولے میں محفوظ ہے، جس کے ساتھ پاکستان کا قومی پرچم بھی رکھا گیا ہے۔ یہ پرچم اپولو 17 مشن کے ساتھ خلا اور چاند تک گیا تھا۔
کیوریٹر نیشنل میوزیم یعقوب خان کے مطابق چاند کا یہ ٹکڑا پاکستان کے لیے ایک تاریخی اور منفرد یادگار ہے۔
چاند کا یہ ٹکڑا محض ایک پتھر نہیں بلکہ انسانی جستجو،سائنسی تحقیق اورتاریخ کے یادگارخلائی سفر کی علامت ہے، جو آج بھی کراچی کے نیشنل میوزیم میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
