تحریک انصاف کا 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے۔ مارچ پشاور سے شروع ہوگا اور پہلی رکاوٹ پر ہی دھرنا دیا جائے گا۔ ایک ہفتے کا ابتدائی پلان اور قافلوں کیلئے ایس او پیز بھی تیار کرلیے گئے۔
تحریک انصاف کی قیادت اور صوبائی حکومت 4 اکتوبر کو لانگ مارچ شروع کرنے پر متفق ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق لانگ مارچ پشاور سے نکلے گا جس میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، رکشوں کے علاوہ پیدل افراد بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کو جہاں بھی پہلی رکاوٹ ملے گی وہیں دھرنا شروع ہوجائے گا۔ لانگ مارچ کا ابتدائی طور پر ایک ہفتے کا پلان تیار کیا گیا ہے جبکہ اہم فیصلوں کیلئے پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا اجلاس بھی جلد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کیلئے ایس او پیز بھی تیار کرلیے گئے ہیں، جن کے تحت ہر قافلہ پُرامن ہوگا۔ کے پی اور پنجاب کے قافلوں کو ایس او پیز سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے اسلام آباد لانگ مارچ کی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے پہلے خیبرپختونخوا میں پڑاؤ ڈالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کا آغاز 4 اکتوبر کو کیا جائے گا،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں قافلہ پہلے صوبے کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا آگے بڑھے گا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ لانگ مارچ کو چند روز تک خیبرپختونخوا میں رکھنے کی حکمت عملی بھی بنائی گئی ہے، جبکہ کارکنوں کے لیے صوابی یا اٹک پل کے مقام پر ٹینٹ کیمپ لگانے کی تجویز ہے،صوبائی صدر جنید اکبر خان ملاکنڈ سے لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔
