بھارت میں امریکی سفیر کے مقبوضہ کشمیر کے دورے اور متنازع بیان پر پاکستان نے امریکی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارت میں امریکی سفیر کے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کے متعلق بیان پر سخت احتجاج کیا گیا، امریکی سفیر نے مقبوضہ کشمیر کے متعلق حقائق کے منافی ریمارکس دیئے۔
ترجمان کے مطابق جموں و کشمیر کو ’’ہندوستان کا حصہ‘‘ قرار دینے کی شدید مذمت کی گئی۔ پاکستان نےبھارت میں امریکی سفیر کے مقبوضہ کشمیر پر بیان کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق جموں وکشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، یہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حتمی فیصلے کا منتظر ہے، امریکی سفیر کا غیر ذمہ دارانہ بیان مسئلہ کشمیر پر امریکا کے دیرینہ موقف کی نفی کرتا ہے، بیان بین الاقوامی قانون اوراقوام متحدہ کے چارٹر کے امریکی عزم کے بھی منافی ہے۔
