راولپنڈی: تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے موٹروے سروس ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گاڑی سے بارودی مواد، سیفٹی فیوز تاریں اور 300 ڈیٹونیٹرز برآمد کیے گئے۔ بارودی مواد گاڑی میں بنائے گئے ایک خفیہ خانے سے برآمد کیا گیا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سول ڈیفنس کی مدد سے محفوظ تحویل میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد سلیم، غلام عباس اور سید حامد علی شاہ شامل ہیں۔ ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ بارودی مواد اظہر محمود نامی شخص کی جانب سے بھجوایا گیا تھا۔
ابتدائی بیان میں ملزمان نے بتایا کہ بارودی مواد آگے پہنچانے کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ میں مقدمہ نمبر 271/26 کے تحت درج کرلیا۔ مقدمہ ایکسپلوسیو سبسٹینس ایکٹ 1908 کی دفعات 4 اور 5 کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
