سینئر پاکستانی اداکار نعمان اعجاز نے اپنی بیماری اور صحت یابی کے بارے میں اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سورۂ رحمٰن کی روزانہ تلاوت نے ان کے علاج کے دوران اہم کردار ادا کیا۔ نعمان اعجاز نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے اپنی صحت، بیماری کی تشخیص اور علاج کے تجربات کے بارے میں گفتگو کی۔
اداکار نے بتایا کہ جون 2024 میں انہیں کان کے قریب ایک رسولی اور معدے میں لِمفوما کی تشخیص ہوئی تھی۔ ان کے مطابق بیماری کی تشخیص کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ اگر ان کی زندگی کا مقصد مکمل ہوچکا ہے تو انہیں اپنے پاس بلا لیا جائے۔ نعمان اعجاز نے بتایا کہ وہ اپنے اہل خانہ کو بیماری، اسپتال اور کیموتھراپی کی تکلیف سے گزرتا نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔
اداکار کے مطابق ان کے دوست گوہر بٹ نے انہیں سورۂ رحمٰن کی تلاوت کرنے کا مشورہ دیا۔ اس کے بعد انہوں نے روزانہ سورۂ رحمٰن پڑھنا شروع کردی نعمان اعجاز نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ سورۂ رحمٰن نے ان کی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کان کے قریب موجود رسولی کا آپریشن کیا گیا۔ تاہم بعد میں ہونے والے اسکینز میں معدے کا لِمفوما نظر نہیں آیا۔
