نیپال اور تبت کی سرحد کے قریب شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں ایک ہزار سے زائد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ نیپال کے ضلع راسووا میں آنے والے سیلابی ریلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 270 تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ حکام متاثرہ علاقوں میں لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم ہلاکتوں اور لاپتہ افراد کی تعداد امدادی کارروائیوں کے دوران مسلسل تبدیل ہو رہی ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں تقریباً 1400 افراد کے لاپتہ ہونے کی بات سامنے آئی تھی۔ بعد میں 100 سے زائد افراد کا سراغ لگا لیا گیا، جن میں بھارتی اور چینی شہری بھی شامل ہیں۔
نیپال ٹورازم بورڈ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں متعدد غیر ملکی سیاحوں سے رابطہ منقطع ہوا ہے۔ رپورٹس کے مطابق لاپتہ افراد کی فہرست میں 33 ممالک کے 517 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔ ان میں بھارتی، امریکی، یوکرینی، ملائیشین اور آسٹریلوی شہریوں کے علاوہ برطانوی، کینیڈین اور جنوبی کوریائی شہری بھی شامل ہیں۔ لاپتہ برطانوی شہریوں میں ایک 13 سالہ لڑکی اور 14 سالہ لڑکا بھی شامل ہیں۔
