پاکستان اور کویت کے دفاعی تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کر دیے گئے۔ نئے معاہدے کے تحت پاک افواج، کویتی مسلح افواج کو تربیت، استعداد کار بڑھانے، بارڈر مینجمنٹ اور دیگر دفاعی شعبوں میں معاونت فراہم کریں گی۔
کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے وزارت دفاع میں ملاقات کی۔ وفد میں کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی، دوطرفہ دفاعی تعلقات اور سیکیورٹی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور کویت کے درمیان پروٹوکول ایگریمنٹ پر دستخط بھی کیے گئے۔نیا معاہدہ دو ہزار تئیس کے دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت موجودہ عسکری تعاون کے فریم ورک کو مزید وسعت دے گا۔ معاہدے کے تحت پاکستان کی مسلح افواج، کویتی افواج کو تربیت، استعداد کار بڑھانے، سرحدی انتظام اور دیگر متفقہ دفاعی شعبوں میں معاونت فراہم کریں گی۔دونوں ممالک نے باہمی اعتماد، مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور تاریخی برادرانہ تعلقات کی بنیاد پر دفاعی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
