محسن نقوی کا گوجرانوالہ میں پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ، دفتر وقت سے قبل بند اور عملہ غائب

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ کے ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا تو دفتر کی صورتحال دیکھ کر شدید برہم ہوئے۔ مقررہ وقت سے قبل دفتر بند، شہریوں کا داخلہ بند اورعملہ غائب تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے اچانک دورے کے دوران گوجرانوالہ ریجنل پاسپورٹ آفس میں بد انتظامی سامنے آ گئی۔ دفتر کا مقررہ وقت ساڑھے چار بجے تک ہونے کے باوجود سہ پہر چار بجے ہی تالے لگے ہوئے تھے جبکہ دفتر میں صفائی کا عمل جاری تھا ۔

شہری پاسپورٹ سے متعلق خدمات کے لیے دفتر پہنچتے رہے تاہم انہیں باہر سے ہی واپس بھجوایا جا رہا تھا ۔ محسن نقوی نے دفتر میں موجود واحد اسٹاف سے صورتحال کے بارے میں سوالات کیے لیکن کوئی تسلی بخش جواب نہ مل سکا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے سرکاری فرائض میں غفلت پر محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی ۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  یہ سب کیا ہو رہا ہے؟ کیاعوام کی سہولت کے دفتر ایسے چلتے ہیں؟ شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے