سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن عبدالمحسن نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سعودی وزیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے، بالخصوص زراعت اور ماحولیاتی پائیداری کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
