وزیراعظم نے کسانوں، کم آمدن طبقے، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر اسکیم، زراعت اور ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے فنانسنگ کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے کہا بینک اور مالیاتی ادارے کسانوں، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کریں۔ قرضوں کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کرنے والے بینکوں کی حکومت حوصلہ افزائی کرے گی۔
شہباز شریف نے کہا زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے فروغ کیلئے کام کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے کسانوں کو بلا رکاوٹ اور آسان شرائط پر مالی وسائل تک رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کم آمدن اور متوسط طبقات کیلئے سستی ہاؤسنگ کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔
اجلاس کو ہاؤسنگ، زراعت اور ایس ایم ایز کے شعبوں کی فنانسنگ کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ایسی سرکاری املاک کا جامع سروے کرانے کی ہدایت کی جہاں بینک وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت گھر کے خواہشمند افراد کو قرض فراہم کرسکیں۔
