پاکستان کی توانائی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پاکستان اور ترکی کی کمپنیوں کا مشترکہ پراجیکٹ اہم سنگ میل عبور کرگیا۔ او جی ڈی سی کے مطابق سکھر بلاک کے لنڈالی ون کنویں سے گیس کی پہلی کامیاب دریافت ہوئی ہے،جسے سوئی سدرن کے سپلائی نیٹ ورک سے منسلک کردیا گیا ہے۔
او جی ڈی سی نے اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ لنڈالی ون کنویں سے یومیہ ایک کروڑ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہوگی، کنویں میں گیس کا پریشر دو ہزار پی ایس آئی ہے۔
او جی ڈی سی، ماری انرجیز، ترک پیٹرولیم اور پرائم گلوبل نے مشترکہ طور پر کنواں دریافت کیا، کنویں میں او جی ڈی سی اور ماری انرجیز کے 30،30 فیصد حصص ہیں۔ پرائم گلوبل کے 25 جبکہ ترک پیٹرولیم کے 15 فیصد حصص ہیں۔
ماہرین کے مطابق نئی گیس کی دریافت سے ملک میں طلب و رسد کا فرق کم کرنے میں مدد ملے گی، سکھر بلاک میں گیس کے مزید ذخائر کی دریافت کے امکانات روشن ہوگئے۔
