ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دورہ بیجنگ کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطہ کیا، ٹیلی فون پر بات چیت میں خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
قبل ازیں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ تہران نے خطے میں امن و امان کی بحالی کے لئے پڑوسی ممالک کے ساتھ مذاکرات شروع کئے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عراقچی کا کہنا تھا کہ وہ ایرانی عوام کے ناقابل تسنیخ حقوق کے تحفظ کے لئے خطے میں امن کی بحالی اور پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ و پرامن تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔
اس موقع پر چین نے امریکا اور ایران پر زور دیا کہ وہ مزید کشیدگی سے گریز کرتے ہوئے مذاکرات کی طرف واپس آئیں۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا تھا کہ چین نہیں چاہتا کہ خطے میں کشیدگی مزید بڑھے اور یمن و بحیرہ احمر تک پھیل جائے۔
وانگ ای نے امریکا اور ایران سے زیرِ التوا معاملات پر بامعنی مذاکرات کرنے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والے اتفاق رائے کی بنیاد پر مذاکراتی فریم ورک بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری تنازع کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔
