وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملک میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ہزار روپے تک جانے کا خدشہ ظاہر کردیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ خطہ انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے کے بعد عالمی تیل منڈی میں ایک بار پھر بھونچال آیا ہے۔
علی پرویز ملک کے مطابق خام تیل کی قیمت 132 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی دباؤ بڑھا ہے اگر قلت آگئی تو شائد ہزار روپے میں بھی نہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا آسان ہے، احتجاج کے ساتھ مسائل کا حل بھی بتایا جائے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر احتجاج کرنا ہے تو ضرور کریں،27 تاریخ کو پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال دی ہے، موجودہ صورتحال کی نزاکت کو سمجھنے کی ضرورت ہے، کسی کو اسلام آباد پر یلغار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے مفادات کے تحفظ کے لیے جو کچھ کرنا پڑا کریں گے،عوام کے لیے تیل سستا کرنا میری ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ذمہ دارحکومت کی حیثیت سے عوام کو تیل کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔
