آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں قومی لباس کے دن پر تقریب میں مختلف ممالک نے اپنے قومی ملبوسات اور ثقافتی ورثے کی نمائش کی۔ پاکستانی سفارتخانے نے بھی تقریب میں بھرپور شرکت کی۔
پاکستانی سفارتخانے نے باکو میں اسٹیٹ ہسٹوریکل آرکیٹیکچرل ریزرو ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام منعقدہ قومی لباس کے دن کی تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب نے پاکستان کے بھرپور اور متنوع ثقافتی ورثے اور روایتی ملبوسات کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا۔
پاکستان کے رنگا رنگ روایتی اور علاقائی ملبوسات، ٹرک آرٹ، زیورات اور دستکاری کے نمونوں کو شرکاء اور مہمانوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔
چین، کوریا، عراق، تاجکستان، ملائیشیا، انڈونیشیا اور روس سمیت مختلف ممالک کے سفارتی مشنز نے بھی اپنے قومی رقص اور روایتی ملبوسات پیش کیے، جس سے ثقافتوں کا ایک خوبصورت اور متنوع امتزاج سامنے آیا اور ثقافتی تبادلے اور باہمی مفاہمت کی اہمیت اجاگر ہوئی۔
تقریب میں آذربائیجان کے حکومتی حلقوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، فنون و ادب سے وابستہ نمائندگان اور سفارتی کور کے ارکان نے بھرپور شرکت کی۔
سفارتخانہ پاکستان کی شرکت نے پاکستان اور برادر ملک آذربائیجان کے درمیان قریبی اور تاریخی ثقافتی روابط کو مزید اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
