وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے اہم ملاقات ہوئی جس میں صوبائی سطح پر متعدد اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے صوبہ میں بڑھتی بدامنی، سیاسی صورتحال اور لانگ مارچ سے پیدا صورتحال کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔
ملاقات میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا لانگ مارچ کے دوران دہشت گردوں کو سیکیورٹی چیک پوسٹوں سے بحفاظت کراس کرانے کی سہولت کاری فراہم کرنے کا خدشہ ہے۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری اور آئی جی بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ مذاکراتی عمل میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے حوالہ سے صوبائی حکومت کا رویہ اور کردار عوام اور صوبہ دشمنی کے مترادف تھا اور مسائل کے حل پر اتفاق کے بعد صوبائی حکومت نے ہٹ دھرمی اور غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے یو ٹرن کی روش کو دہرایا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی وزراء کے لانگ مارچ میں ہیلی کاپٹر اور دیگر سرکاری وسائل کے استعمال کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ صوبہ کو دہشت گردی اور تباہی سے بچانے کے لیے جب بھی صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان گورنر راج یا ایمرجنسی لگانا ضروری سمجھیں تو گورنر ہاؤس بھرپور آئینی کردار ادا کرے گا۔
