امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایران پر حملہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کو مفید اور نتیجہ خیز قرار دیا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بیان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کیا۔ ان کے مطابق ایران اس وقت معاشی اور فوجی لحاظ سے انتہائی خراب صورتِ حال سے دوچار ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران پر عائد امریکی ناکہ بندی مکمل طور پر برقرار رہے گی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ رات آبنائے ہرمز سے 2 کروڑ 20 لاکھ بیرل تیل گزرا۔ ان کے مطابق اس تیل میں ایک بیرل بھی ایران سے نہیں آیا اور نہ ہی ایران کے لیے تھا۔
تاہم، آبنائے ہرمز سے تیل کی اس مقدار کے گزرنے کے دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔ امریکی صدر نے ایک بار پھر کہا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیا جائے گا۔ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کی صورتِ حال پر مذاکرات جاری ہیں۔رپورٹس کے مطابق سفارتی کوششوں کے باوجود دونوں فریقوں کے درمیان اہم اختلافات برقرار ہیں۔
