وزیر خوراک سندھ کے فلور ملز ایسوسی ایشن کیساتھ ہنگامی اجلاس میں آٹے کی فی کلو قیمت میں 6 روپے کمی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان کی زیر صدارت فلور ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں کمشنر کراچی اور سیکریٹری خوراک غلام عباس نائچ نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ فلور ملز نے ایک ہی دن میں آٹے کی قیمت 15 سے 16 روپے فی کلو بڑھا دی، جس پر وزیراعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اجلاس میں فی کلو آٹے کی قیمت میں 6 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا، آٹے کی ایکس مل قیمت 161 سے کم کر کے 155 روپے فی کلو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے محکمہ زراعت کے ذریعے گندم کے کاشتکاروں کو 76 ارب 50 کروڑ روپے کی سبسڈی دی ہے، جبکہ رواں سال صوبے میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔
مخدوم محبوب الزمان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافہ تشویش کا باعث ہے۔
