ملتان کے قریب کراچی سے پشاور جانیوالی رحمان بابا ایکسپریس کی 14 بوگیاں پٹری سے اُتر گئیں۔
ٹرین پٹری سے اترنے کا واقعہ شیر شاہ اسٹیشن کے پاس آؤٹر سگنل کے قریب پیش آیا ہے، حادثے میں اب تک 5 افراد جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔ 30 سے زیادہ مسافر زخمی بھی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
رحمان بابا ایکسپریس پٹری سے اترنے کے باعث ریلوے آپریشن متاثر ہو گیا ہے، ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کوکلیئرکرنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں متعدد لوگ زخمی ہیں، اموات میں اضافے کا اندیشہ بھی ہے، حادثے کے زخمیوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، اہلکار متاثرہ بوگیوں سے زخمیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں، جنھیں اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیر اعظم نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے اظہار افسوس بھی کیا، اور متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
