انڈس اسپتال کے ترجمان کے مطابق کراچی کے انڈس اسپتال میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے ریبیز کے مرض میں مبتلا 5 سالہ بچی انتقال کر گئی ہے، جاں بحق ہونے والی بچی کا تعلق فقیرہ گوٹھ نیو سبزی منڈی کے علاقے سے تھا۔
اسپتال کے ترجمان اور آفتاب گوہر کے مطابق بچی کو تقریباً تین ماہ قبل آوارہ کتے نے چہرے اور سینے پر کاٹا تھا۔
لواحقین کے مطابق حادثے کے بعد بچی کو فوری طور پر ایک پرائیویٹ کلینک لے جایا گیا تھا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے دوران زخم کی مناسب صفائی نہیں کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ بچی کو نہ تو کوئی اینٹی ریبیز ویکسین دی گئی اور نہ ہی کسی بڑے اسپتال میں ریفر کیا گیا، جس کے باعث انفیکشن پھیلتا چلا گیا۔
بچی کو تشویشناک حالت اور ریبیز کی واضح علامات ظاہر ہونے کے بعد 15 نومبر کو انڈس اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
انتظامیہ کے مطابق اس سال صرف انڈس اسپتال میں کتے کے کاٹنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ رواں سال جنوری سے اب تک 17 ہزار سے زائد نئے مریض اسپتال آ چکے ہیں۔

