کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کاشتکاروں کی تباہی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
خالد کھوکھر نے کہا کہ دل کرتا ہے کہ زراعت کا مرثیہ اور جنازہ پڑھوں، کیوں کہ زراعت حکومتی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے اور حکومت نے اسے وینٹی لیٹر پر ڈال دیا ہے۔
خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ حکومت کو کاشتکار کا احساس نہیں، حکومتی نمائندے ٹی وی پر آ کر اپنی کارکردگی بتاتے ہیں، حالاں کہ زراعت کے شعبے میں حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔ کاشتکاروں کو کپاس اور گنے کی فصل میں شدید نقصان ہوا ہے، جب کہ اس سال ملتان میں گنے کی فصل کی صرف 16 فی صد کاشت ہوئی ہے۔ زراعت کو تباہ و برباد کر دیا گیا ہے اور ملتان میں کاشتکاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

