ایف آئی اے افسر کے گھر پر تشدد سے جاں بحق ہونے والی گھر کمسن ملازمہ فاطمہ اصغرکی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، جس میں سر سے پاؤں تک بہیمانہ ٹارچر کا ہولناک انکشاف سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے افسر کے گھر میں کمسن ملازمہ فاطمہ اصغر پر مبینہ تشدد کے کیس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو موصول ہو گئی ہے، جس میں بچی پر ہولناک اور بہیمانہ تشدد کی تصدیق کی گئی ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمسن بچی کے جسم کے مختلف حصوں پر 20 بڑے زخم اور تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بچی کو سر سے لے کر پاؤں کی انگلیوں تک ٹارچر کیا گیا، جس کے باعث اس کا پورا جسم مکمل طور پر سوجھ چکا تھا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ شدید تشدد کے نتیجے میں بچی کے جسم کے مختلف حصوں میں خون جم گیا تھا اور خون کے لوتھڑے اس کے دل اور گردوں میں بھی پائے گئے، جبکہ بچی کے بائیں بازو اور سینے پر پرانے خراب زخم بھی موجود تھے۔
دوسری جانب پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق کمسن فاطمہ اصغر پر گزشتہ 3 سال سے تشدد کیا جا رہا تھا اور اس کے سر کے بال بھی کاٹ دیے گئے تھے۔
ابتدائی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد بن اشرف بچی پر ہونے والے اس تشدد کے بارے میں سب کچھ جانتے تھے۔

