اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں مبینہ طور پر آوارہ کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والا بی ایس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پانچویں سمسٹر کا طالب علم سفیان عباسی دورانِ علاج وفات پاگیا۔ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والا سفیان پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔
طلبا کے مطابق سفیان کو گزشتہ ماہ یونیورسٹی کے ہاسٹل نمبر 5 کے باہر آوارہ کتے نے کاٹا تھا، جس کے بعد اسے راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اینٹی ریبیز ویکسین بھی لگائی گئی۔ تاہم اتوار کی رات اچانک طبیعت بگڑنے پر اسے دوبارہ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔
واقعے پر یونیورسٹی کے طلبا نے انتظامیہ کے خلاف بدھ کو احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے طلبا کی سیکیورٹی اور آوارہ کتوں کی روک تھام کے انتظامات پر سوالات اٹھائے ہیں۔

