مسقط : عمان کے دارالحکومت مسقط میں امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ان کا ملک ایک ’شفاف معاہدہ‘ چاہتا ہے۔
خیال رہے اس سے قبل سابق امریکی صدر براک اوبامہ کے دورِ اقتدار میں بھی ایران اور امریکہ سمیت دنیا کی بڑی طاقتوں کے درمیان تہران کے جوہری پروگرام پر معاہدہ ہوا تھا، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے دورِ اقتدار میں اس معاہدے کو ختم کر دیا تھا۔
ایران نے اس سے قبل اب تک اس معاہدے پر دوبارہ مذاکرات سے انکار کیا تھا۔
یہاں یہ بات واضح نہیں ہے کہ مسقط میں ہونے والے مذاکرات کے دوران امریکی اور ایرانی مذاکرات کار ایک کمرے میں بیٹھیں گے بھی یا نہیں لیکن پھر بھی دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کو ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔