نیتن یاہو کا جنگی جنون اسرائیل کی بقا کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔۔ ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہا امریکہ اور یورپ کی شہ پر اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا جو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب کی غیر محدود حمایت کے ساتھ اسرائیل، ایران پر حملے کرتا ہے، غزہ کو تباہ کرتا ہے اور خطے کے ہر ملک کو دھمکاتا ہے، دراصل خود نہیں جانتا کہ وہ کیا کر رہا ہے، شاید وہ مستقبل میں اپنی غلطی کا ادراک کرے، لیکن ہمیں خدشہ ہے کہ تب تک بہت دیر ہو چکی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اس خطے میں کوئی بھی ملک صرف اپنی سرحدوں اور انتظام تک محدود نہیں ہے، ہزاروں سال پر محیط گہرے تعلقات کی بنا پر، اس خطے میں پیش آنے والا ہر واقعہ تمام معاشروں کو قریب سے متاثر کرتا ہے، ان پر اثر انداز ہوتا ہے اور اس کے درمیانی اور طویل مدتی نتائج سامنے آتے ہیں۔
رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ درحقیقت، فلسطینی عوام اور ان کی سرزمین پر حملہ محض وہاں کے چند ملین افراد تک محدود واقعہ نہیں ہے، اسی طرح ایرانی سرزمین اور عوام پر حملہ صرف ایرانی ریاست کا معاملہ نہیں ہے۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ ان حقائق کو نظرانداز کر کے اٹھایا جانے والا ہر قدم مستقبل میں دیگر تباہیوں کو دعوت دے گا، اسرائیل ہر ظلم، ہر خونریزی اور ہر انسانیت کے خلاف جرم کے ساتھ مرحلہ وار اپنی ہی بقا اور اپنے معاشرے کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔