سندھ حکومت نے کراچی میں اربن فلڈنگ کے باعث کل یعنی 20 اگست بروز بدھ عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کراچی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر شاہ ، سعید غنی اور ودیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیاکہ کراچی میں آج 12 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ 245 ملی میٹر بارش ہوئی، بارش کی صورتحال کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوا۔
245 ملی میٹر بارش نے شہر کو تقریباً ڈبو دیا۔ کراچی کا کوئی علاقہ ایسا نہیں ہے جو پانی میں ڈوبا ہوا نہیں ہے۔
صوبائی حکومت نے بدھ کو عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ آنے کا مشورہ دیا ہے۔
شہر میں صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے تاحال جاری ہے۔ ابھی تک کراچی کی بیشتر شاہراہیں اور علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
بارش کے شہر کراچی میں 9 افراد مختلف حادثات کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے۔
