بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں پر سبز انقلاب، خواب حقیقت کا روپ اختیار کرنے لگا

کوئٹہ : بلوچستان کی بنجر وادیوں اور سخت پہاڑی علاقوں میں برسوں بعد ہریالی کی نئی لہر دوڑ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے "گرین ویژن” نے نہ صرف خشک پہاڑوں کو سبز امیدوں کا رنگ دیا بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے خوشحالی کا پیغام بھی ثابت ہوا ہے۔

حکومت بلوچستان نے ایک تعمیری اور ماحول دوست خواب دیکھا، جس کی بنیاد فروری 2025 میں رکھی گئی۔اس خواب کی پہلی عملی تعبیر 5 مئی 2025 کو سامنے آئی جب فلیگ پہاڑ اور کوہ مہردار پر چار ہزار سے زائد پودے لگائے گئے۔ ان پودوں میں شہتوت، سرو، کوئٹہ پائن، نیم اور کیکر شامل تھے جو پہاڑوں کی ڈھلوانوں پر اگائے گئے۔ ان پودوں کی بقا کو یقینی بنانے کے لیے واٹر ٹینکس، زیرِ زمین پائپ لائن اور ڈرِپ اِریگیشن سسٹم جیسی جدید زرعی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔

یہ محض پودے نہیں تھے بلکہ بلوچستان کو گلستان میں تبدیل کرنے کا خواب اور ایک قومی عزم تھا۔ آج اس منصوبے کا نتیجہ یہ ہے کہ 85 فیصد سے زائد پودے زندہ ہیں، جو اس مہم کی کامیابی اور مستقل مزاجی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

اس منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز 15 جولائی سے ہوا جو 15 اگست تک جاری رہا، جس دوران مشہور سلِپنگ بیوٹی پہاڑ پر آٹھ ہزار سے زائد نئے پودے لگائے گئے۔ ان میں انار، زیتون، پستہ اور کوئٹہ پائن جیسے معاشی اور ماحولیاتی لحاظ سے مفید پودے شامل تھے۔ ان پودوں کو 1100 فٹ گہری بورنگ کے ذریعے حاصل کیے گئے پانی اور جدید آبپاشی نظام سے سیراب کیا جا رہا ہے۔

شجرکاری کے اس مرحلے میں 78 ہزار فٹ طویل پائپ لائن، 82 ہزار فٹ ڈرپ ایریگیشن سسٹم، 45 ہزار لیٹر کی گنجائش رکھنے والے ٹینکس اور شمسی توانائی کے تحت چلنے والا مکمل نظام نصب کیا گیا، جس نے اس مہم کو ٹیکنالوجی کے لحاظ سے ایک نمایاں مقام عطا کیا۔

اب حکومت کی نظریں تیسرے مرحلے پر ہیں، جس کے تحت ہنہ ویسٹ پہاڑ پر 49 ایکڑ رقبے پر پھل دار درخت لگائے جائیں گے، اور یہ اقدام عوامی و نجی شراکت داری سے مکمل کیا جائے گا۔

یہ مہم صرف درخت لگانے کی نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے سانسیں بچھانے اور بلوچستان کو گلستان بنانے کے خواب کی تکمیل کا نام ہے۔ وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کے اس سبز وژن نے بلوچستان کو ماحولیاتی تحفظ، خودکفالت اور خوبصورتی کی ایک نئی پہچان دی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے