وزیراعظم شہباز شریف کا چین میں تاریخی،شاندار اور فقیدالمثال استقبال

چین میں وزیراعظم شہباز شریف کا تاریخی اور فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد کے نور خان ائیر بیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے چین کے شہر تیانجن پہنچے۔ ایئرپورٹ پر چینی حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ ریڈ کارپٹ استقبال میں بچوں نے وزیراعظم کو گلدستے پیش کئے۔

ایئرپورٹ پر ہی وزیراعظم کو گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔۔

بعد ازاں وزیراعظم نے چین کی تیانجن یونیورسٹی کا دورہ کیا اور  وہاں زیر تعلیم پاکستان طلبا سے خطاب بھی کیا۔

چین کی تیانجن یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طلبا سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ 200 سے زائد پاکستانی طلبہ تیانجن یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں جبکہ کل 30 ہزار کے قریب پاکستانی طلبا چین کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں، چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا ملک کے سفیر ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ طلبا جدید تحقیق و عصری تعلیم اور فنی مہارتوں سے استفادہ کر رہے ہیں، ووکیشنل ٹریننگ وقت کا تقاضا ہے جبکہ 600 پاکستانی زرعی گریجویٹ نے بھی چین میں اپنی تربیت مکمل کر لی ہے۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور پرخلوص محبت کی بنیاد پر قائم ہے، یہ دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، پاکستان اور چین تاریخی اور ثقافتی اعتبار سے ایک دوسرے سے جڑے ہیں، پاکستان مسلم دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کیا۔

وزیراعظم کل بیجنگ میں 25 ویں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے جس میں وہ پاکستان کی خطے میں امن کی کوششوں، علاقائی روابط میں اضافے اور خطے کی عوام کی ترقی کے فروغ کے حوالے سے مؤقف پیش کریں گے۔

وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے ملاقات بھی کریں گے، ملاقاتوں میں پاک چین دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات ہو گی۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم صدر شی اور عالمی رہنماؤں کے ساتھ فوجی پریڈ میں شرکت کریں گے، فوجی پریڈ بیجنگ میں عالمی اینٹی فاشسٹ جنگ کی 80ویں سالگرہ پر ہو گی۔

وزیراعظم ممتاز چینی تاجروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جس میں تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری پر بات ہو گی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے