کئی اسلامی ممالک نے پاکستان سے دفاعی معاہدوں کی خواہش ظاہر کی ہے، اسحاق ڈار
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے دفاعی معاہدے کے بعد کئی اسلامی ممالک نے پاکستان سے دفاعی معاہدوں کی خواہش ظاہر کی۔ اتنے مسلم ملک مل گئے تو یہ ایک نیا نیٹو اتحاد بن جائے گا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی عرب سے دفاعی معاہدہ اچانک نہیں ہوا۔ اس پر طویل عرصے سے بات چیت چل رہی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں حرمین شریفین کے محافظوں میں شامل کردیا یہ ہماری خوش قسمتی ہے
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاک، سعودی دفاعی معاہدے کے بعد کئی اسلامی ممالک نے پاکستان سے دفاعی معاہدوں کی خواہش کا اظہار کیا۔ دفاعی معاہدے کیلئے دلچسپی ظاہر کرنے والوں میں کچھ عرب اور کچھ غیر عرب ممالک ہیں، اتنے ملک مل گئے تو یہ ایک نیا نیٹو بن جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایٹمی اور میزائل پاور ہیں، اب ہمیں معاشی طاقت بننا ہے۔ ایک دن پاکستان تمام اسلامی ممالک کی قیادت کرے گا۔