ریاض — سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ ویزا پالیسی میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب عمرہ ویزا ملنے کے 30 دن کے اندر سعودی عرب میں داخل ہونا لازمی ہوگا، بصورت دیگر ویزا خود بخود منسوخ ہو جائے گا۔
وزارت کے مطابق، ویزا کے اجراء کے بعد سفر کی مدت کو تین ماہ سے کم کر کے ایک ماہ کر دیا گیا ہے۔ تاہم سعودی عرب میں داخل ہونے کے بعد قیام کی مدت بدستور تین ماہ ہی رہے گی۔
وزارت حج و عمرہ کے ایک مشیر احمد باجیفر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نئے ضوابط آئندہ ہفتے سے نافذ العمل ہوں گے۔ ان کے مطابق، یہ اقدام عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث کیا گیا ہے تاکہ ویزا نظام کو مزید مؤثر اور منظم بنایا جا سکے۔
مزید برآں، سعودی حکام نے یاد دلایا کہ اب کسی بھی ویزے پر آنے والے زائرین — بشمول ٹورسٹ، فیملی، یا ٹرانزٹ ویزا رکھنے والے افراد — کو بھی عمرہ ادا کرنے کی اجازت حاصل ہے۔
عرب نیوز کے مطابق، رواں سال جون سے اب تک 40 لاکھ سے زائد بین الاقوامی زائرین کے لیے عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ایک ریکارڈ اضافہ ہے۔