بہار انتخابی شکست کے بعد لالو کی بیٹی روہنی آچاریہ کا سیاست چھوڑنے اور خاندان سے لاتعلقی کا اعلان
نئی دہلی — بہار اسمبلی انتخابات میں راشٹریا جنتا دل (آر جے ڈی) کی بدترین شکست کے فوراً بعد لالو پرساد یادیو کی بیٹی روہنی آچاریہ نے حیران کن طور پر سیاست چھوڑنے اور اپنے خاندان سے لاتعلقی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک مبہم مگر تہلکہ خیز پوسٹ کے ذریعے کیا۔
روہنی آچاریہ نے دعویٰ کیا کہ ان پر سینئر آر جے ڈی رہنما سنجے یادو اور رميز کی جانب سے دباؤ ڈالا جا رہا تھا، جس کے تحت وہ تمام معاملے کی ذمہ داری اپنے سر لے رہی ہیں۔ پوسٹ میں انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ انتخابی شکست کی بات کر رہی ہیں یا کسی اور اندرونی معاملے کا حوالہ دے رہی ہیں۔
2022 میں اپنے والد لالو پرساد یادیو کو گردہ عطیہ کرنے کے باعث خبروں میں رہنے والی روہنی نے کہا کہ وہ سیاست سے کنارہ کش ہو رہی ہیں اور خاندانی معاملات سے خود کو الگ کر رہی ہیں۔انہوں نے لکھا: “میں سیاست چھوڑ رہی ہوں اور اپنے خاندان سے لاتعلق ہو رہی ہوں، یہ سنجے یادو اور رميز نے مجھ سے کہا تھا، اور میں تمام الزام اپنے سر لے رہی ہوں۔”
روہنی کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یادو خاندان پہلے ہی شدید اندرونی اختلافات کا شکار ہے۔
چند ہفتے قبل لالو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے نئی جماعت ’جن شکتی جنتادل‘ قائم کی، مگر انتخابات میں ایک بھی نشست نہ جیت سکے۔
انتخابات سے پہلے روہنی آچاریہ پارٹی کی حکمت عملی اور فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کر چکی تھیں۔ستمبر میں انہوں نے تمام سیاسی رہنماؤں اور خاندان کے افراد کو سوشل میڈیا پر ان فالو کر دیا تھا اور الزامات کے جواب میں کہا تھا کہ اگر کوئی یہ ثابت کرے کہ ان کا والد کو گردہ عطیہ کرنا جھوٹ تھا یا انہوں نے کوئی ذاتی مطالبہ کیا تھا، تو وہ سیاست چھوڑ دیں گی۔
حالیہ انتخابات میں آر جے ڈی کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور 243 رکنی اسمبلی میں پارٹی صرف 25 نشستوں تک محدود رہی۔ پورا اتحاد مل کر بھی صرف 35 سیٹیں حاصل کر سکا، جبکہ این ڈی اے 202 نشستوں کے ساتھ بھاری اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روہنی آچاریہ کا تازہ اعلان آر جے ڈی میں مزید اندرونی بحران کو جنم دے سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب پارٹی قیادت انتخابی ناکامی کے بعد شدید دباؤ کا شکار ہے۔