بھارتی روپیہ 2025 میں ایشیا کی کمزور ترین کرنسی قرار

0

بین الاقوامی مالیاتی جریدے بلومبرگ کے مطابق بھارتی روپیہ سال 2025 میں ایشیا کی بدترین کارکردگی دکھانے والی کرنسی بن گیا ہے۔ مسلسل گراوٹ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے انخلا اور حکومتی معاشی پالیسیوں نے بھارتی کرنسی کو شدید دباؤ کا شکار کر دیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جہاں تائیوان، ملائیشیا اور تھائی لینڈ کی کرنسیاں بہتر کارکردگی پیش کرنے میں کامیاب رہیں، وہیں بھارتی روپے کی قدر مسلسل کمی کا شکار رہی۔ امریکی ٹیرف میں اضافے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پسپائی اور ویزا پروگرام کی فیس میں اضافہ کرنے کی تجویز نے مارکیٹ کے اعتماد کو مزید کمزور کیا۔

بلومبرگ کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کار رواں سال بھارتی اسٹاک مارکیٹ سے 16 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ نکال چکے ہیں، جب کہ بھارتی ریزرو بینک بھی جولائی سے اب تک 30 ارب ڈالر سے زیادہ زرمبادلہ خرچ کرنے کے باوجود روپیہ مستحکم کرنے میں ناکام رہا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کا بڑھتا ہوا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ درآمدات کو مزید مہنگا بنا رہا ہے، جس سے کرنسی پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق پالیسی عدم استحکام اور کمزور معاشی حکمت عملی نے موجودہ صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.