ریاض میں آٹھواں انٹرنیشنل پیور بریڈ عربیئن ہارس بیوٹی شو اختتام پذیر، 844 گھوڑے شریک
ریاض — سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں آٹھواں انٹرنیشنل پیور بریڈ عربیئن ہارس بیوٹی شو باوقار اختتام پذیر ہو گیا۔ ریاض ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر عبدالعزیز نے اختتامی تقریب میں شرکت کی اور جیتنے والے گھوڑوں کے مالکان کو انعامات بھی پیش کیے۔
گورنر ریاض کی آمد پر گھڑ سواری کلب اور جاکی کلب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ بندر بن خالد بن فیصل اور وزیر برائے ماحولیات و پانی انجینئر عبدالرحمن نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی، اور شاہ عبدالعزیز سینٹر فار پیور بریڈ عربیئن ہارسز نے گورنر کو یادگاری تحفہ پیش کیا۔
تقریب میں سرکاری اداروں، اسپانسر کمپنیوں اور شو میں شریک دیگر شرکاء کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔ پانچ روزہ بین الاقوامی ایونٹ میں مختلف ممالک سے 844 خالص نسل کے عربی گھوڑے شریک ہوئے، جو کہ اس شو میں حصہ لینے والے گھوڑوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد کے طور پر ریکارڈ بن گئی ہے۔
یہ بیوٹی شو نہ صرف عربی گھوڑوں کی خوبصورتی اور معیار کی نمائش کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ عالمی سطح پر سعودی عرب میں گھڑ سواری اور گھوڑوں کی پرورش کے شعبے کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔