پی ایس ایل آکشن کی باقاعدہ تقریب کا آغاز شاندار انداز میں ہو گیا، جس کے آغاز پر ہانگ کانگ سپر سکسز اور پاکستان شاہینز کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو نمایاں کامیابیوں پر انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب کے دوران پاکستان شاہینز کو رائزنگ اسٹار ایشیاء کپ کا ٹائٹل جیتنے پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ یاد رہے کہ پاکستان شاہینز نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیاء کپ اپنے نام کیا تھا، جسے پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیا گیا۔
اسی طرح ہانگ کانگ سپر سکسز ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے پر بھی پاکستانی اسکواڈ کی کارکردگی کو سراہا گیا اور کھلاڑیوں کے عزم و مہارت کی تعریف کی گئی۔
تقریب میں پاکستان شاہینز کو رائزنگ اسٹار ایشیاء کپ جیتنے پر 9 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی گئی، جبکہ ہانگ کانگ سپر سکسز کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ 85 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔
منتظمین کے مطابق یہ کامیابیاں نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کریں گی بلکہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔
