معروف اسٹیج اداکار قیصر پیا نوسربازوں کی واردات کا شکار
معروف اسٹیج اداکار قیصر پیا نوسربازوں کی ایک منظم واردات کا نشانہ بن گئے، جہاں ملزمان نے چالاکی سے ان کا قیمتی موبائل فون لوٹ لیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق نوسربازوں نے واردات کا نیا طریقہ اختیار کرتے ہوئے قیصر پیا کو اشارہ دے کر گاڑی رکوا لی۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ایک ملزم نے گاڑی کو ہاتھ مار کر جھگڑا شروع کر دیا، جبکہ اسی دوران دوسرا نوسرباز گاڑی کی دوسری جانب سے قیمتی موبائل فون اٹھا کر فرار ہو گیا۔
واقعے کے بعد متاثرہ اداکار کی مدعیت میں تھانہ گارڈن ٹاؤن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور قریبی علاقوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد بھی حاصل کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق شہریوں کو ٹریفک اشاروں اور مصروف مقامات پر غیر ضروری جھگڑوں سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ نوسرباز ایسے حالات کا فائدہ اٹھا کر وارداتیں انجام دے رہے ہیں۔