آسٹریلین اوپن ٹینس میں تاریخ کا طویل ترین سیمی فائنل کھیلا گیا، جو 5 گھنٹے 27 منٹ تک جاری رہا۔ اس اعصاب شکن مقابلے میں اسپین کے عالمی نمبر ایک کارلوس الکاراز نے جرمنی کے الیگزینڈر زیورف کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
یہ میچ آسٹریلین اوپن کی تاریخ کا سب سے طویل سیمی فائنل ثابت ہوا، جس میں دونوں کھلاڑیوں نے غیر معمولی فٹنس، تکنیکی مہارت اور ذہنی مضبوطی کا مظاہرہ کیا۔ طویل جدوجہد کے بعد الکاراز نے فیصلہ کن لمحات میں برتری حاصل کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کی۔
اس فتح کے ساتھ کارلوس الکاراز پہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچ گئے، جہاں ان کا مقابلہ عالمی شہرت یافتہ سرب کھلاڑی نواک جوکووچ سے ہوگا۔
دوسری جانب نواک جوکووچ نے بھی تاریخ رقم کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی اور وہ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچنے والے عمر رسیدہ ترین کھلاڑی بن گئے۔
ٹینس شائقین کو اب فائنل میں دو نسلوں کے درمیان ایک تاریخی اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے، جہاں نوجوان الکاراز اور تجربہ کار جوکووچ آمنے سامنے ہوں گے۔
